شہباز شریف سے پرتگالی وزیر خارجہ کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانجل نے پاکستان اور پرتگال کے سیاسی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے 22 سے 23 نومبر تک پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاؤلو رانجل کا خیرمقدم کیا اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہنے اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت کے تحت حمایت جاری رکھنے پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی روابط مضبوط کرنے اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) قائم کرنے کی تجویز پرتگال کی طرف سے قبول کیے جانے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیشن مشترکہ ترجیحات کے تعین اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے باقاعدہ فورم فراہم کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے پرتگالی وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر پاکستان پرتگال بزنس فورم کے انعقاد کا خیرمقدم کیا۔ فورم میں پرتگال کی تقریباً 20 کمپنیوں نے شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں کو تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ملاقاتوں کا موقع ملا۔
شہباز شریف نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی، زراعت، غذائی اشیا کی پراسیسنگ، ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔
دونوں فریقوں نے زرعی تعاون بڑھانے، خصوصاً زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بھی بات چیت کی۔ پاکستان اور پرتگال کے ٹیکسٹائل اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔
ملاقات میں افرادی قوت کی نقل و حرکت، پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی، تعلیمی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں ممالک نے دورے کے دوران طے پانے والے امور پر عمل درآمد اور باہمی تعاون کے ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔