دنیا - 10 مارچ 2026
پاکستان کا اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کا بیان مسترد، 27ویں آئینی ترمیم پر اظہارِ تشویش بے بنیاد قرار
پاکستان - 30 نومبر 2025
پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق ریمارکس زمینی حقائق کی عکاسی نہیں کرتے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پارلیمان کی دو تہائی اکثریت سے منظور کی جانے والی 27ویں آئینی ترمیم کے بارے میں غلط فہمیوں اور بے بنیاد تشویش پر افسوس ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دیگر جمہوری ممالک کی طرح پاکستان میں بھی قانون سازی اور آئینی ترامیم عوام کے منتخب نمائندوں کا اختیار ہیں۔ 27ویں آئینی ترمیم کے دوران آئینِ پاکستان میں درج مقررہ طریقہ کار پر مکمل عمل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے آئین کے مطابق انسانی حقوق، بنیادی آزادیوں اور قانون کی حکمرانی کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر کے کردار کو اہمیت دیتا ہے، تاہم افسوس ہے کہ جاری کردہ بیان میں نہ پاکستان کے مؤقف کی عکاسی کی گئی اور نہ ہی زمینی حقائق کا درست ادراک کیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہائی کمشنر سے توقع ہے کہ وہ پاکستان کی پارلیمنٹ کے خود مختار فیصلوں کا احترام کریں اور ایسے بیانات سے گریز کریں جو سیاسی تعصب یا غلط معلومات پر مبنی ہوں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فولکر ترک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے جلد بازی میں کی گئی آئینی ترامیم عدلیہ کی آزادی کو نقصان پہنچاتی ہیں، فوجی احتساب اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں پر سنگین سوالات اٹھاتی ہیں، جبکہ وسیع استثنیٰ کی شقیں احتساب کو کمزور بناتی ہیں۔
دیکھیں

