جنوبی ایشیائی ممالک میں تباہ کن بارشیں؛ ہلاکتیں 600 سے تجاوز، 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر

news-banner

دنیا - 01 دسمبر 2025

انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور ملائیشیا میں ایک ہفتے سے جاری شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 600 سے تجاوز کر گئی ہے۔

 

 خبر ایجنسی کے مطابق بارشوں اور زمینی تودے گرنے سے تینوں ممالک میں 40 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

 

اعداد و شمار کے مطابق انڈونیشیا میں 442، تھائی لینڈ میں 170 اور ملائیشیا میں 2 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 

 

آبنائے ملاکا میں بننے والے سمندری طوفان نے پورے ہفتے کے دوران تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں کو جنم دیا، جس نے صورتِ حال کو مزید خراب کر دیا۔

 

انڈونیشیا کے مغربی صوبے سماٹرا میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے تین اضلاع شدید متاثر ہوئے، جہاں ریسکیو ٹیمیں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے دور دراز علاقوں میں امدادی سامان پہنچا رہی ہیں۔

 

 پادانگ شہر کی 41 سالہ خاتون افری آنتی کے مطابق پانی اچانک گھروں میں داخل ہوا، لوگ خوفزدہ ہو کر نکل گئے، واپسی پر گھروں کو تباہ پایا۔

 

انڈونیشیا میں 289 افراد اب بھی لاپتہ جبکہ 2 لاکھ 13 ہزار لوگ بے گھر ہیں۔ 

 

تھائی لینڈ کے صوبہ سونگکھلا میں سب سے زیادہ 131 اموات رپورٹ ہوئیں۔ ہاٹ یائی شہر میں گزشتہ جمعے کو 335 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ 300 برسوں میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔

 

 ملائیشیا میں اب بھی 24 ہزار 500 افراد امدادی کیمپوں میں مقیم ہیں۔