World
مہاتما گاندھی کے ہاتھ سے لکھے نوٹس 17 لاکھ ڈالرز میں فروخت
ممبئی میں بھارتی رہنما مہاتما گاندھی کے ہاتھ سے لکھے نوٹس کا مجموعہ ریکارڈ 17 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوگیا۔
یہ کسی بھی بھارتی تاریخی دستاویز کے لیے نیلامی میں ادا کی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔
ممبئی میں قائم نیلام گھر سیفرون آرٹ کے مطابق یہ مجموعہ گاندھی کے قریبی ساتھی آنند ٹی ہنگورانی کے خاندان نے محفوظ رکھا تھا۔
مجموعے میں شامل 688 نوٹس گاندھی نے ہنگورانی کی اہلیہ ودیا کی موت کے بعد انہیں لکھے تھے، جنہیں بعدازاں ’اے تھاٹ فار دی ڈے‘ کے عنوان سے کتاب کی شکل میں مرتب کیا گیا۔
یہ نوٹس 1944 سے 1946 کے درمیان لکھے گئے تھے اور ان میں سچائی، خدا اور عدم تشدد سمیت مختلف موضوعات پر گاندھی کے خیالات شامل ہیں۔
سیفرون آرٹ کے مطابق یہ مجموعہ 17 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوا، جو نیلامی میں کسی بھارتی تاریخی دستاویز کی فروخت کا عالمی ریکارڈ ہے۔