ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی

news-banner

کھیل - 01 دسمبر 2025

بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

 

 جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار سنچری اسکور کرتے ہی کوہلی کی سنچریوں کی تعداد 52 ہوگئی، جو کہ اس فارمیٹ میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

 

اس کارنامے کے ساتھ ویرات کوہلی ایک ہی فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے، جب کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا، جنہوں نے اپنے کیریئر میں 51 سنچریاں بنائی تھیں۔

 

یہ کوہلی کے کیریئر کی 83ویں بین الاقوامی سنچری ہے، جس میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کے تینوں فارمیٹس شامل ہیں۔

 

 جنوبی افریقہ کے خلاف یہ ان کی چھٹی ون ڈے سنچری ہے، جو اس ٹیم کے خلاف کسی بھی بھارتی کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ ہے۔

 

ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف 32 میچوں میں 6 سنچریاں اسکور کی ہیں، جب کہ اس فہرست میں سچن ٹنڈولکر 5 سنچریوں کے ساتھ دوسرے اور گیری کرسٹن 4 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

 

رانچی میں یہ ان کی تیسری سنچری ہے، جس کے ساتھ وہ بھارت میں کسی ایک گراؤنڈ پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ عالمی سطح پر بھی اب وہ سب سے زیادہ سنچریوں کا اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔