فیفا ورلڈ کپ میں ایرانی فٹبال ٹیم کا جذباتی خط وائرل
فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے دوران ایران کی قومی فٹ بال ٹیم نے بیلجیئم کے ساتھ میچ کے بعد اسٹیڈیم کے لاکر روم میں ہاتھ سے لکھا ہوا ایک جذباتی خط چھوڑا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے۔
لاس اینجلس کے صوفی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ جی کے میچ میں ایران اور بیلجیئم کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کے بعد ایرانی کھلاڑیوں نے لاکر روم میں یہ خط چھوڑا۔
خط میں لکھا گیا تھا کہ قدیم فارس سے لے کر آج کے جدید ایران تک، ایران کی روح آج بھی زندہ اور مضبوط ہے۔ ٹیم نے لکھا کہ وہ فخر کے ساتھ آئے، عزت کے ساتھ مقابلہ کیا اور وقار کے ساتھ واپس جا رہے ہیں۔
خط میں لاس اینجلس کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا گیا اور دنیا بھر میں موجود ایرانی شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے میچ کے دوران ٹیم کی بھرپور حمایت کی۔
ایرانی ٹیم نے اپنے پیغام میں دنیا کو امن کا پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ ان کی دعا ہے کہ تمام اقوام کے درمیان امن، احترام اور دوستی قائم رہے۔