فیفا ورلڈ کپ،فرانس،ناروے،ارجنٹائن اورالجیریا کی فتوحات
فرانس نے گروپ آئی کے اہم مقابلے میں عراق کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
فرانس کے لیے نامور فٹبالر کیلیان ایمباپے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 14 ویں اور 54 ویں منٹ میں دو گول اسکور کیے جبکہ تیسرا گول عثمان ڈیمبیلے نے 66 ویں منٹ میں کیا۔
فلاڈلفیا میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پہلے ہاف کے بعد شدید بارش اور خراب موسم کے باعث کھیل تقریباً دو گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا شکار رہا، تاہم کھیل دوبارہ شروع ہونے پر فرانس نے اپنی برتری برقرار رکھی اور کامیابی اپنے نام کی۔
ایمباپے کے دو گولوں کے بعد عالمی کپ میں ان کے مجموعی گولوں کی تعداد 16 ہو گئی اور وہ جرمنی کے میرو سلاو کلوزے کے ریکارڈ کے برابر آ گئے۔
دوسری جانب ناروے اور سینیگال کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا جس میں ناروے نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی حاصل کی۔ ناروے کی جانب سے ایرلنگ ہالینڈ نے دو گول کیے جبکہ ایک گول پیڈریسن نے بنایا۔ سینیگال کی جانب سے دونوں گول سار نے سکور کیے۔
گروپ جے میں ارجنٹینا نے آسٹریا کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنا لی۔ لیونل میسی نے دونوں گول اسکور کیے اور ٹیم کی مسلسل دوسری کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔
مقابلے میں پہلا گول 39 ویں منٹ میں ہوا جبکہ اختتامی لمحات میں میسی نے ایک اور گول کر کے کامیابی یقینی بنائی۔ آسٹریا نے واپسی کی کوشش کی لیکن ارجنٹینا کا دفاع اور گول کیپر مؤثر ثابت ہوئے۔
اسی گروپ کے ایک اور مقابلے میں الجزائر نے اردن کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔ الجزائر کی جانب سے نادر اور امینی نے گول کیے جبکہ اردن کی طرف سے واحد گول نظار نے اسکور کیا۔