جاپان کی ’ہیومن واشنگ مشین‘ مارکیٹ میں متعارف، 15 منٹ میں مکمل صفائی فراہم کرے گی

news-banner

تازہ ترین - 01 دسمبر 2025

جاپان کی ایک ٹیک کمپنی نے دنیا کی پہلی جدید ’ہیومن واشنگ مشین‘ باضابطہ طور پر مارکیٹ میں پیش کر دی ہے۔

 

 یہ کیپسول نما مشین صارفین کو محض 15 منٹ میں سر سے پاؤں تک خودکار صفائی فراہم کرتی ہے، جیسے کپڑے واشنگ مشین میں دھلتے ہیں، مگر انسان کے لیے۔

 

یہ ایجاد اوساکا ورلڈ ایکسپو میں بے حد پذیرائی حاصل کرنے کے بعد تجارتی طور پر لانچ کی گئی ہے، جہاں 6 ماہ کے دوران 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد نے اس منفرد مشین کا تجربہ کیا۔ کمپنی نے اسے فیوچر ہیومن واشر کا نام دیا ہے۔

 

کمپنی کی ترجمان ساچیکو ماایکورا کے مطابق مشین نہ صرف جسم صاف کرتی ہے بلکہ ذہنی سکون بھی فراہم کرتی ہے، اور صارف کی دل کی دھڑکن سمیت اہم صحت کے اشارے مسلسل مانیٹر کیے جاتے ہیں۔

 

ابتدائی طور پر صرف 50 یونٹس تیار کیے جائیں گے، اور پہلی مشین اوساکا کے ایک ہوٹل نے خرید لی ہے، جو مہمانوں کے لیے یہ منفرد سہولت فراہم کرے گا۔

 

 مشین کی قیمت تقریباً 6 کروڑ ین (تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار امریکی ڈالر) رکھی گئی ہے۔

 

ہیومن واشنگ مشین کیسے کام کرتی ہے؟

 

صارف 2.3 میٹر لمبی بند کیپسول میں لیٹتا ہے، جس میں مائیکرو ببلز اور فائن مسٹ شاور کے ذریعے پورا جسم دھلتا ہے۔

 

 سینسر دل کی دھڑکن اور دیگر علامات مانیٹر کرتے ہیں، مشین میں سکون بخش موسیقی اور پُرسکون ویژولز چلتے ہیں، اور صفائی کے بعد مشین خود جسم خشک کر دیتی ہے۔

 

 صارف بغیر تولیے یا کسی محنت کے صاف، خشک اور پُرسکون باہر نکلتا ہے۔