World

دوبارہ اسرائیلی وزیرِاعظم بناتو قطر کودشمن ملک قرار دوں گا،نفتالی بینیٹ

دوبارہ اسرائیلی وزیرِاعظم بناتو قطر کودشمن ملک قرار دوں گا،نفتالی بینیٹ
۲۱ گھنٹے پہلے

اسرائیل کے سابق وزیرِاعظم نفتالی بینیٹ نے کہا ہے کہ اگر وہ دوبارہ وزیرِاعظم منتخب ہوئے تو قطر کو فوراً ایک "دشمن ملک" قرار دیں گے۔

 

ایکس پر جاری ایک ویڈیو بیان میں بینیٹ نے قطر کی حکومت کو "پرتشدد" اور "یہود مخالف سرطان" قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس نے اپنا اثر و رسوخ مغربی ممالک اور حتیٰ کہ اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر تک پھیلا رکھا ہے۔ 

 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنے دورِ حکومت میں انہیں ایسی معلومات دیکھنے کو ملیں جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ قطر ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو مالی معاونت فراہم کر رہا تھا۔

 

انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اور اسرائیلی اپوزیشن کی اہم شخصیت بینیٹ نے مزید الزام عائد کیا کہ قطر اسرائیل کی "تباہی" چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے اس نے عالمی سطح پر اثر و رسوخ کے ایک وسیع نیٹ ورک پر اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ قطر نے امریکی جامعات اور الجزیرہ ٹیلی وژن نیٹ ورک کے ذریعے اشتعال انگیزی کے مراکز قائم کیے جبکہ حماس کو بھی اربوں ڈالر کی مالی مدد فراہم کی۔

 

قطر نے تاحال ان الزامات پر کوئی ردِعمل نہیں دیا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں