سرد موسم میں اسمارٹ فون کی بیٹری کیوں جلد ختم ہوتی ہے؟ ماہرین کی وضاحت

news-banner

تازہ ترین - 01 دسمبر 2025

کیا آپ نے کبھی محسوس کیا ہے کہ سردی کے موسم میں اسمارٹ فون کی بیٹری عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے کم ہوتی ہے؟ 

 

اگر ہاں، تو یہ صرف آپ کے فون کے ساتھ نہیں ہوتا بلکہ حقیقت میں بیٹریاں کم درجہ حرارت سے براہِ راست متاثر ہوتی ہیں۔

 

یہ وہی مسئلہ ہے جو سردیوں میں الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریز کے ساتھ پیش آتا ہے۔

 

اس کی بنیادی وجہ اسمارٹ فون میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریز ہیں۔

 

 ان بیٹریوں میں موجود کیمیکل اور الیکٹرولائٹس چارج کے ذرات کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں، جس سے بجلی پیدا ہوتی ہے۔

 

 مگر سرد موسم میں یہ الیکٹرولائٹس ٹھیک طرح بہاؤ نہیں رکھ پاتے۔

 

ٹھنڈ کی وجہ سے لیتھیم آئنز کی حرکت سست پڑ جاتی ہے اور وہ الیکٹروڈز تک مؤثر طریقے سے نہیں پہنچ پاتے، جس کے نتیجے میں بیٹری کم توانائی پیدا کرتی ہے اور اس کی ڈریننگ تیز ہو جاتی ہے۔

 

ماہرین کے مطابق موبائل فون کی بیٹری کے لیے 18 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت بہترین ہوتا ہے، جبکہ چارجنگ کے لیے 1 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت موزوں سمجھا جاتا ہے۔


اس سے کم یا زیادہ درجہ حرارت بیٹری کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے، جبکہ نقطہ انجماد سے نیچے کا درجہ حرارت بیٹری کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔