پوپ لیو کا بیان: اسرائیل,فلسطین تنازع کا واحد حل آزاد فلسطینی ریاست ہے

news-banner

دنیا - 01 دسمبر 2025

استنبول: عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے کہا ہے کہ اسرائیل-فلسطین تنازع کا واحد حل ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔

 

ترکی سے لبنان روانگی کے دوران اپنے جہاز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ رومن کیتھولک چرچ کی اعلیٰ قیادت کئی سالوں سے دو ریاستی حل کی حمایت کرتی رہی ہے۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ اسرائیل دو ریاستی حل کو قبول نہیں کرتا، مگر یہی تنازع کا واحد حل ہے۔

 

پوپ لیو نے مزید بتایا کہ ہولی سی نے 2015 میں فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کیا تھا اور یہ موقف ویٹیکن کی پالیسی کی تصدیق کرتا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی عوام کے درمیان دہائیوں سے جاری کشیدگی کا واحد حل ایک فلسطینی ریاست ہے۔

 

پوپ نے کہا کہ وہ اسرائیل کے دوست بھی ہیں اور دونوں فریقوں کے درمیان ثالثی کے لیے کوشش کر رہے ہیں تاکہ سب کے لیے منصفانہ حل ممکن ہو سکے۔

 

پوپ لیو نے بتایا کہ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ اسرائیل-فلسطین اور یوکرین-روس کے تنازعات پر بھی بات چیت کی، اور ترکی کا ان جنگوں کے خاتمے میں اہم کردار ہے۔

 

امریکا نے بھی فلسطینی آزادی کی حمایت کا عندیہ دیا ہے، جبکہ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف بیانات جاری کر رہے ہیں۔