سیئٹل فوڈ فیسٹیول میں فائرنگ،3 افراد ہلاک،4 زخمی
امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔
سیئٹل پولیس کے اسسٹنٹ چیف ٹائرون ڈیوس کے مطابق دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی ہاربر ویو میڈیکل سینٹر منتقل کیے جانے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس نے ایک مشتبہ نوجوان کو جائے وقوع سے گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوسرا مشتبہ شخص فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر ایک منٹ پر اس وقت پیش آیا جب ہزاروں خاندان سالانہ فوڈ فیسٹیول میں شریک تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں مشتبہ افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے۔ عینی شاہدین نے جان بچانے کے لیے بھاگ کر محفوظ مقامات پر پناہ لی، جبکہ کئی افراد نے سیئٹل کی مشہور عمارت اسپیس نیڈل کے اندر خود کو محفوظ کیا۔
زخمیوں میں دو سالہ بچہ بھی شامل ہے، جبکہ چار افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ سیئٹل کی میئر کیٹی ولسن نے واقعے کو افسوسناک اور اسلحے کے تشدد کی ہولناک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر اور پورے امریکہ میں گن وائلنس کی روک تھام کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔