ایشیائی ممالک میں تباہ کن طوفان و بارشیں؛ ایک ہفتے میں 1100 سے زائد ہلاکتیں، لاکھوں متاثر

news-banner

دنیا - 02 دسمبر 2025

ایشیائی ممالک میں حالیہ سمندری طوفانوں، شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔

 

 مختلف ممالک میں ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 1100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ لاکھوں افراد متاثر اور ہزاروں بے گھر ہوچکے ہیں۔

 

اعداد و شمار کے مطابق:

 

  • انڈونیشیا میں 604 افراد ہلاک ہوئے، جہاں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے سینکڑوں دیہات کو متاثر کیا اور ہزاروں گھر تباہ ہوگئے۔
  •  
  • سری لنکا میں 366 اموات رپورٹ ہوئیں اور ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ صدر انورا کمارا نے تباہی کے حجم کو 2004 کے سونامی سے زیادہ خطرناک قرار دیا ہے۔
  •  
  • تھائی لینڈ میں 176 جبکہ ملائیشیا میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
  •  

عالمی فلاحی تنظیم سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا اور تھائی لینڈ میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہوئی ہے۔ 

 

جنوب تھائی لینڈ میں 76 ہزار سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں کیونکہ تعلیمی ادارے یا تو بند ہیں یا متاثرہ علاقوں میں رسائی ناممکن ہوچکی ہے۔

 

انڈونیشیا میں 1000 سے زائد اسکول یا تو تباہ ہوچکے ہیں یا انہیں ہنگامی پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں۔

 

 تنظیم کے مطابق بچوں کو نفسیاتی امداد، حفاظتی مدد اور فوری تعلیمی سہولیات کی ضرورت ہے، جبکہ مسلسل بارشیں صورتحال کو مزید شکستہ کر رہی ہیں۔

 

اسی دوران سمندری طوفان دتوا (Datwa) کے زیر اثر بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھی شدید بارشیں جاری ہیں، جبکہ چنائی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل کردیا گیا ہے۔