امریکا اور بحرین کا ال بار کیمپ میں مشترکہ فضائی دفاعی کمانڈ پوسٹ کا افتتاح

news-banner

دنیا - 02 دسمبر 2025

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) اور بحرین نے پیر کے روز ال بار کیمپ میں دو طرفہ مشترکہ فضائی دفاعی کمانڈ پوسٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس نئی سہولت کے ذریعے دونوں ممالک کی فورسز فضائی دفاع کی مربوط منصوبہ بندی اور آپریشنز کو ایک ساتھ انجام دیں گی۔

 

یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے محض ایک ماہ قبل قطر کے ساتھ بھی اسی نوعیت کی کمانڈ پوسٹ قائم کی تھی۔ سینٹ کام کے مطابق یہ مرکز خطے میں فضائی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔

 

بحرین، جو امریکا کا غیر نیٹو اتحادی ہے، پہلے ہی امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ اور 47 ممالک پر مشتمل مشترکہ میری ٹائم فورسز کی میزبانی کر رہا ہے، جبکہ ملک میں تقریباً 9 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔

 

افتتاحی تقریب میں سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر اور بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم سلمان بن حمد آل خلیفہ نے شرکت کی۔

 

 ایڈمرل کوپر نے کہا کہ بحرین طویل عرصے سے امریکا کا اہم علاقائی سیکیورٹی پارٹنر ہے اور یہ نئی کمانڈ پوسٹ خطے کے فضائی دفاعی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

 

گزشتہ سال جولائی میں دونوں ممالک نے جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے تھے، جس میں اعلیٰ سطح کی قیادت نے شرکت کی تھی۔

 

یہ مشرق وسطیٰ میں سینٹ کام کی دوسری دو طرفہ فضائی دفاعی پوسٹ ہے۔ اس سے قبل امریکا اور قطر 3 نومبر کو العديد ایئر بیس میں اسی نوعیت کا مرکز قائم کر چکے ہیں، جہاں 10 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔

 

فلوریڈا میں قائم سینٹ کام کا دائرہ اختیار 21 ممالک پر پھیلا ہوا ہے، جن میں عراق، ایران، سعودی عرب، افغانستان، پاکستان اور مصر شامل ہیں۔

 

 یہ کمانڈ متعدد اہم عسکری آپریشنز کی قیادت کر چکی ہے، جن میں ڈیزرٹ اسٹورم، افغان جنگ، عراق جنگ اور داعش کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔

 

امریکا اور بحرین نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف بھی مشترکہ اقدامات کیے ہیں، جن میں دسمبر 2023 کا آپریشن ’پراسپیرٹی گارڈین‘ نمایاں ہے، جس میں کئی مغربی ممالک بھی شامل تھے، جبکہ حالیہ مہینوں میں برطانیہ نے بھی امریکی فوج کے ساتھ مل کر کارروائیاں کیں۔