وفاقی وزیر اطلاعات کا پیغام: بڑھتی آبادی سے نمٹنے کے لیے شعور اور اقدامات ضروری ہیں

news-banner

پاکستان - 02 دسمبر 2025

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے معاشرے میں آگاہی پھیلانا ضروری ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان پاپولیشن سمٹ 2025 کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آگاہی کے فقدان کی وجہ سے آبادی کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

 

عطا تارڑ کے مطابق، بڑھتی آبادی صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی شعبوں پر دباؤ ڈال رہی ہے، اور معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال پاکستان کی آبادی میں اتنا اضافہ ہو رہا ہے جتنا نیوزی لینڈ کی کل آبادی ہے، اور یہ صورتحال معیشت، وسائل اور ترقی کی رفتار پر اثر ڈال رہی ہے۔

 

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ زیادہ بچوں کی پیدائش زچہ و بچہ کی صحت کے لیے نقصان دہ ہے، اور متوازن آبادی کے بغیر ترقی برقرار رکھنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ خواتین کی شرح ریجن میں کم ہے، جسے آگاہی اور اقدامات کے ذریعے بہتر بنانا ہوگا، اور آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینا ضروری ہے۔