Pakistan
راولپنڈی،شہری کے اندھے قتل کا معمہ حل ،مقتول کی اہلیہ اور ساتھی گرفتار
تھانہ صدر بیرونی پولیس نے مؤثر تفتیش کے بعد شہری کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مقتول کی اہلیہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق پانچ ماہ قبل فیصل نامی شہری کی لاش ایک ویرانے سے ملی تھی، جس کے بعد صدر بیرونی پولیس نے قانونی کارروائی شروع کی۔ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مقتول کی اہلیہ کو شاملِ تفتیش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش مقتول کی اہلیہ نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر پہلے شوہر کو زہر دیا، پھر گلا دبا کر قتل کیا اور بعد ازاں لاش ویرانے میں پھینک دی۔
پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی ہے۔ ایس پی صدر انعم شیر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔