کشمیرانتخابات میں بلاجواز پیپلز پارٹی پر الزامات عائد کیے گئے،شیری رحمان
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات نہایت حساس نوعیت کے ہیں، جن پر نہ صرف پورے ملک بلکہ عالمی برادری کی بھی نظر ہے، اس لیے انتخابی عمل کو شفاف اور غیر متنازع رکھا جانا چاہیے۔
پارٹی آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم مثبت رہی ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سچائی اور مفاہمتی کمیشن کے قیام کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے پیپلز پارٹی کا تاریخی اور جذباتی تعلق ہے اور پارٹی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ترجیح دی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی شکایات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر رہی ہے۔ ان کا الزام تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے بعض عناصر انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایل اے 12 اور ایل اے 13 سمیت بعض حلقوں میں مسلح افراد نے پولنگ کے عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک رہنما کے گھر سے بیگ برآمد ہونے کے معاملے میں بلاجواز پیپلز پارٹی پر الزامات عائد کیے گئے۔ ان کے مطابق مقامی عوام کا مطالبہ ہے کہ انہیں حقِ رائے دہی سے محروم نہ کیا جائے اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے ووٹرز کو پولنگ سے نہ روکا جائے۔
شیری رحمان نے کہا کہ کوٹلی اور نکیال میں بھی انتخابی ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کی اجازت نہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران کسی بھی قسم کے تحائف یا مراعات کی تقسیم مناسب نہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو ضابطۂ اخلاق کی پابندی کرنی چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ اور ہر ووٹر کو آزادانہ طور پر حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔