اسلام آباد اور راولپنڈی میں PTI احتجاج کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ، سہیل آفریدی احتجاج میں شریک نہیں

news-banner

پاکستان - 02 دسمبر 2025

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر احتجاج کی کال دی گئی تھی، جس کے پیشِ نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے تحت احتجاج، جلسے جلوس اور دھرنوں پر پابندی ہوگی۔

 

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور اڈیالہ جیل کے باہر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ’ہے حق ہمارا، آزادی‘ اور ’عمران تیرے جانثار بے شمار‘ کے نعرے بلند کیے۔

 

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین قریشی کی قیادت میں صوبائی اراکین بھی احتجاج میں شریک ہیں اور ’رہا کرو، عمران خان کو رہا کرو‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ تاہم وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خود احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے اور وہ پشاور میں موجود ہیں۔

 

سوشل میڈیا صارفین نے اس پر تنقید کی کہ احتجاج کی کال دینے والے خود شریک نہ ہونے سے احتجاج کی افادیت کم ہو گئی۔ واضح رہے کہ عمران خان اگست 2023 سے جیل میں ہیں اور مختلف مقدمات میں سزائیں سنائی گئی ہیں، جنہیں وہ سیاسی انتقام قرار دیتے ہیں۔