تازہ ترین - 02 مارچ 2026
فیفا عرب کپ 2025 میں فلسطین کی تاریخی فتح
کھیل - 03 دسمبر 2025
فیفا عرب کپ 2025 کا آغاز جذباتی اور تاریخی انداز میں ہوا، جہاں فلسطینی ٹیم نے میدان میں ایسی شاندار کارکردگی دکھائی کہ زخم زخم فلسطینی قوم کے چہروں پر مدتوں بعد خوشی کی مسکراہٹیں لوٹ آئیں۔
یہ سنسنی خیز مقابلہ قطر کے الحبیب اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
فلسطین کے مقابل میزبان قطر کی ٹیم تھی، اور دونوں جانب سے مسلسل تابڑتوڑ حملے ہوتے رہے۔
کئی کوششیں دفاعی دیواروں، گول کیپرز کی پھرتیوں یا بدقسمتی کے باعث ضائع ہو گئیں۔
پورے میچ میں دونوں ٹیموں کے دفاعی کھلاڑی نہایت متحرک اور مضبوط دکھائی دیے، جنہوں نے مخالف فارورڈز کی ہر کوشش ناکام بنائی۔
مسلسل ناکامیوں کے بعد شائقین اور آفیشلز بھی سمجھ چکے تھے کہ یہ سخت مقابلہ شاید ’’ٹائی‘‘ پر ہی ختم ہوگا۔
لیکن 95 ویں منٹ میں صورتحال یکسر بدل گئی۔ فلسطینی فارورڈ کے تیز کراس پر قطر کے دفاعی کھلاڑی سلطان البرک غلطی سے گیند اپنے ہی جال میں دے بیٹھے، اور یوں یہ ناقابلِ یقین جیت فلسطینی ٹیم کے حصے میں آگئی۔
فتح کے ساتھ ہی فلسطینی کھلاڑی ایک دوسرے سے لپٹ گئے جبکہ دنیا بھر میں موجود فلسطینیوں کی آنکھیں خوشی سے نم ہوگئیں۔
وہ لوگ جو برسوں سے جنگ، ملبے اور غیر یقینی زندگی میں گھرے ہوئے تھے، ان لمحوں میں خوشی کی حقیقی جھلک دیکھ پائے۔
آج تباہ حال غزہ کی گلیوں میں بچوں نے تالیاں بجائیں، غرب اردن کی چھتوں پر فخر کے نعرے گونجے اور دنیا بھر میں فلسطینیوں کے افسردہ چہروں پر امید کی نئی لکیر ابھر آئی۔
دیکھیں

