پاکستان، جنوبی کوریا ہاکی ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری
پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ہاکی ٹیسٹ سیریز 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے صدر محی الدین احمد وانی کی منظوری کے بعد چار میچوں پر مشتمل سیریز کے شیڈول اور تکنیکی آفیشلز کے پینل کی تفصیلات جاری کر دیں۔
یہ سیریز 30 جولائی سے 7 اگست 2026 تک اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ 30 جولائی، دوسرا یکم اگست، تیسرا 4 اگست اور چوتھا و آخری ٹیسٹ 7 اگست کو ہوگا، جبکہ تمام میچز شام 5 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوں گے۔
پی ایچ ایف نے ٹورنامنٹ کے لیے تجربہ کار آفیشلز کا تقرر بھی کیا ہے، جن میں فیض محمد امپائر منیجر ہوں گے، جبکہ امپائرز پینل میں ہارون رشید، یاسر خورشید، فہد علی خان، اسد عباس اور ساجد رضا شامل ہیں۔
محمد شفیق بھٹی ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ، جبکہ حمزہ طفیل، ایم وقاص احمد، عدنان شہزاد، محبوب جاوید اور مرزا جاوید ٹیکنیکل آفیشلز اور ججز کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
میڈیا کوآرڈینیشن کی ذمہ داری وقاص شیخ، چیف کوآرڈینیٹر نجیب خٹک اور اسسٹنٹ چیف کوآرڈینیٹر حبیب الرحمان کے سپرد کی گئی ہے۔