ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، آسٹریلیااور نیوزی لینڈ کے 14 شہر میزبانی کے امیدوار
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی کے لیے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے 14 شہروں نے میچز کی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کے مشترکہ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ہوں گے، جبکہ ایونٹ اکتوبر اور نومبر 2028 میں شیڈول ہے۔
رپورٹس کے مطابق منتظمین نے میچز کی میزبانی کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں، جس پر دونوں ممالک کے 14 شہروں نے دلچسپی ظاہر کی، تاہم آئی سی سی صرف 8 سے 10 شہروں کا انتخاب کرے گی، جس کے باعث 6 شہروں کو میزبانی نہیں مل سکے گی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق شہروں کا انتخاب آئی سی سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق کیا جائے گا تاکہ لاجسٹکس، آپریشنز اور شیڈولنگ میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔
کم شہروں کے انتخاب سے ٹیموں اور شائقین کے سفر میں بھی آسانی ہوگی۔ رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کے فائنل کی میزبانی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کو دی جائے گی۔