پنجاب میں شدید دھند، موٹر ویز کے مختلف حصے بند
پنجاب کے مختلف شہروں میں گہری دھند کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر رہا اور موٹر وے کے کئی حصے بند کر دیے گئے۔
شدید دھند کے باعث لاہور تا سیالکوٹ موٹروے (ایم 11) مکمل طور پر بند کر دی گئی، جبکہ موٹروے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کیا گیا۔ قومی شاہراہوں پر بھی حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات پیش آئیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیشِ نظر کی گئی ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ممکن ہو تو سفر دن کے وقت کریں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند میں نسبتاً محفوظ سفر ممکن ہے۔
ڈرائیورز فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، رفتار کو قابو میں رکھیں اور آگے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔