شدید طوفان کے بعد پاکستان کی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم سری لنکا روانہ

news-banner

دنیا - 03 دسمبر 2025

این ڈی ایم اے نے سری لنکا میں شدید طوفان کی تباہ کاریوں کے بعد پاک فوج کی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم روانہ کر دی ہے۔ سری لنکا میں بڑے پیمانے پر نقصان اور حکومت کی امدادی اپیل کے بعد پاکستان نے متاثرہ آبادی کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر 47 رکنی ٹیم C-130 طیارے کے ذریعے 6.5 ٹن ضروری سامان کے ساتھ سری لنکا بھیجی گئی۔ این ڈی ایم اے نے کولمبو اور لاہور کے درمیان سری لنکن ایئر لائنز کے ذریعے بھی امدادی سامان بھیجنے کا انتظام کیا ہے۔

 

گذشتہ روز 200 ٹن امدادی سامان بحری کھیپ کے ذریعے بھیجا گیا تھا، جس میں خیمے، کمبل، لحاف، لائف جیکٹس، کشتیاں، ڈی واٹرنگ پمپس، لیمپ، چٹائیاں، مچھر دانی، بچوں کا خشک دودھ، تیار کھانے اور ضروری ادویات شامل ہیں۔

 

 پاک بحریہ کے جہاز اور ہیلی کاپٹر پہلے ہی امدادی کارروائیوں میں سرگرم ہیں۔

 

سری لنکا کے صدر کی خصوصی درخواست پر NDMA متاثرہ علاقوں میں بحالی اور رسائی کی کوششوں میں مدد کے لیے پاک فوج سے عارضی پل بھی بھیج رہا ہے۔

 

 ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے عوام کے ساتھ انسانی ہمدردی اور علاقائی یکجہتی کے عزم کے تحت ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔