اسرائیلی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 2 مساجد کو نذرِ آتش کر دیا
اسرائیلی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں رات گئے دو مساجد کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں دونوں عبادت گاہوں کو نقصان پہنچا جبکہ دیواروں پر عبرانی زبان میں نعرے بھی تحریر کیے گئے۔
عرب میڈیا اور فلسطینی حکام کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے زیرِ انتظام مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے بدستور جاری ہیں۔
گزشتہ رات نابلس کے جنوب میں واقع قصبہ قصرہ میں زیرِ تعمیر ایک مسجد کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔
قصبہ قصرہ کے میئر عبدالعظیم وادی کے مطابق آگ لگنے سے مسجد کا داخلی حصہ مکمل طور پر جل گیا جبکہ اس کی پتھریلی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے مسجد کی دیواروں پر عبرانی زبان میں نعرے بھی تحریر کیے، جن میں "انتقام" کا لفظ بھی شامل تھا۔
فلسطینی وزارتِ اوقاف و مذہبی امور کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے طولکرم کے قریب واقع گاؤں کور میں بھی ایک مسجد کو آگ لگا دی اور اس کی دیواروں پر نسل پرستانہ نعرے درج کیے۔
دوسری جانب جمعے کے روز گاؤں تل میں اسرائیلی آبادکاروں اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والی پرتشدد جھڑپوں میں 4 فلسطینی اور 2 اسرائیلی ہلاک ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔