کھیل - 10 مارچ 2026
وفاقی آئینی عدالت نے ارشد شریف قتل کیس میں پیشرفت رپورٹ طلب کر لی
پاکستان - 03 دسمبر 2025
وفاقی آئینی عدالت نے ارشد شریف قتل کیس میں سوموٹو کارروائی کے تحت اب تک کی پیشرفت رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عدالت نے وکلا سے کہا ہے کہ آئندہ سماعت میں وہ قانونی نقطہ نظر سے تعاون کریں اور رپورٹ میں تحقیقات، قانونی اقدامات اور آئندہ تجاویز شامل ہوں۔
عدالت کے مطابق رپورٹ 17 دسمبر تک جمع کرائی جائے گی اور اس پر بحث تعطیلات کے بعد ہوگی۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کارروائی کا مقصد وہی حاصل ہونا چاہیے جس کے لیے سوموٹو لیا گیا اور آئینی عدالت بغیر سماعت کے کارروائی نہیں کر سکتی۔
وکلا کے مطابق ارشد شریف کے اہلخانہ کو کے آئی ٹی تحقیقات رپورٹ دیکھنے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی، جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ قانون کی اجازت کے مطابق عدالت اہلخانہ کے ساتھ ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ حتمی چالان جمع ہونے پر متعلقہ دستاویزات دیکھی جا سکتی ہیں۔
عدالت میں بتایا گیا کہ کینیا حکومت کے ساتھ قانونی معاونت کا معاہدہ ہوچکا ہے اور پاکستان نے کرائم سین کے وزٹ کی درخواست بھی بھیجی ہے۔ وکلا نے نشاندہی کی کہ کینیا میں قتل کے ملزمان کی پراسیکیوشن اب تک شروع نہیں ہوئی اور ذمہ دار پولیس افسران کو ترقی دی جا چکی ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق پاکستان میں FIR درج کی گئی ہے اور 3 افراد (خرم، وقار، صالح) نامزد ہیں جو مفرور ہیں، اور ان کے لیے انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ حاصل کرنے کی کارروائی جاری ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت عالمی قوانین کی پابند ہے اور کسی دوست ملک کے خلاف براہِ راست کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے، جس میں آئندہ پیشرفت اور قانونی پہلوؤں پر تفصیلی بحث ہوگی۔
دیکھیں

