Pakistan

نوشکی میں پولیو ٹیم کے سکیورٹی سکواڈ پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید

نوشکی میں پولیو ٹیم کے سکیورٹی سکواڈ پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید
۱ منٹ پہلے

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے۔

 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے انسداد پولیو ٹیم کے سیکیورٹی اسکواڈ کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار محمد یاسر اور عبدالروف شہید ہوگئے، جن کی میتیں ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کردی گئیں۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے کام کرنے والی ٹیم کو نشانہ بنانا گھناؤنا اور ناقابل معافی فعل ہے اور حملے میں ملوث عناصر عبرتناک انجام کے مستحق ہیں۔

 

بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو ٹیم پر حملہ بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملے کے مترادف ہے۔

 

بابر یوسفزئی نے حملے کا الزام حکومت کی جانب سے ’’فتنہ الہندوستان‘‘ قرار دیے جانے والے عناصر پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر بلوچستان میں امن، ترقی اور بیماریوں کے خاتمے کی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے بچے صحت مند اور محفوظ مستقبل کی جانب بڑھیں۔

 

نوشکی میں حالیہ دنوں کے دوران سیکیورٹی صورتحال کشیدہ رہی ہے اور 22 ستمبر کو مقامی انتظامیہ نے فائرنگ اور سیکیورٹی خدشات کے باعث شہر میں دکانیں، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بھی بند کرائے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں