کراچی میں دردناک سانحہ — 3 سالہ ابراہیم کی مین ہول میں گرنے سے ہلاکت، تحقیقاتی رپورٹ میں بی آر ٹی منصوبے کو ذمہ دار قرار

news-banner

پاکستان - 03 دسمبر 2025

کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے 3 سالہ بچے ابراہیم کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ کے ایم سی نے سیکریٹری بلدیات کو ارسال کر دی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق میئر کراچی کی ہدایت پر میونسپل سروسز نے فوری طور پر تلاش کا آپریشن شروع کیا۔ گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے بچے کی لاش ملی، اور معائنہ رپورٹ میں واضح ہوا کہ حادثے کی بنیادی وجہ بی آر ٹی ریڈ لائن کی کھدائی تھی، جس نے نالے کے نکاسی نظام کو شدید متاثر کیا۔

 

تحقیقاتی دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ بی آر ٹی منصوبے کی جانب سے مناسب حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے، ایک مقام پر مین ہول کھلا چھوڑا گیا جبکہ گٹروں کو عارضی دو فٹ کے غیرمعیاری کور سے بند کیا گیا تھا، جو کے ایم سی کے معیارات کے مطابق نہیں تھے۔

 

 بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے قبل کے ایم سی کو اطلاع بھی نہیں دی تھی۔

 

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ نجی اسٹور انتظامیہ اور بی آر ٹی کی غفلت نے مل کر اس سانحے کو جنم دیا۔ بعد ازاں افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام مقامات کو بھر دیا گیا۔

 

یاد رہے کہ اتوار کی رات ڈپارٹمنٹل اسٹور سے نکلتے ہوئے ابراہیم گتے سے ڈھکے کھلے مین ہول پر قدم رکھتے ہی نیچے گر گیا تھا، اور 15 گھنٹے بعد اس کی لاش تقریباً ایک کلو میٹر دور نالے سے برآمد ہوئی۔