دنیا - 05 دسمبر 2025
کراچی میں کھلے مین ہول سے ابراہیم کی ہلاکت، میئر مرتضیٰ وہاب کا معافی اور متعدد افسران معطل
پاکستان - 03 دسمبر 2025
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ننھے ابراہیم کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اور بچے کی والدہ کی چیخیں سن کر وہ الفاظ کھو بیٹھے۔ انہوں نے لواحقین سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ یہ دردناک سانحہ کسی صورت برداشت نہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے شاہ فیصل کالونی میں ابراہیم کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور بتایا کہ ابراہیم کے دادا نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں کہ آئندہ کوئی اور خاندان اس دکھ سے نہ گزرے۔ میئر نے کہا کہ خاندان شدید صدمے میں تھا، اس لیے زیادہ گفتگو نہیں کی۔
میئر کراچی کے مطابق بچے کی ہلاکت کے بعد فوری ایکشن لیا گیا ہے۔ سیوریج کارپوریشن کے متعلقہ انجینئر، کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر، ضلعی مختیار کار اور اسسٹنٹ کمشنر کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ ایس ایس پی ایسٹ اور ڈی ایس پی کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شروعات ہے، مکمل انکوائری کے بعد مزید ذمہ داروں کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کے وقت مناسب ریسپانس نہیں تھا، اور وہاں موجود 12 سے 14 افراد کی وجہ سے ریسکیو عملہ وقت پر کام نہیں کر سکا۔ حکومت کی ذمہ داری تھی کہ ریسکیو میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو فوری روکا جاتا۔
واضح رہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گلشنِ اقبال نیپا چورنگی کے قریب گتے سے ڈھکا ہوا بغیر ڈھکن کا مین ہول تین سالہ ابراہیم کا وزن برداشت نہ کر سکا، اور بچہ اندر گر کر لاپتہ ہوگیا۔ پندرہ گھنٹے بعد اس کی لاش ایک کلومیٹر دور نالے سے برآمد ہوئی تھی۔
دیکھیں

