جسٹن گریوز کی ناقابل شکست ڈبل سنچری سے ویسٹ انڈیز نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے بچ گیا
کرائسٹ چرچ: ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اپنی ناقابل شکست شراکت داری کی بدولت یقینی شکست سے بچنے میں کامیابی حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز نے 531 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 163.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 457 رنز بنائے، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز کے دوسرے سب سے بڑے اسکور میں شامل ہے۔
جسٹن گریوز نے شاندار 202 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں، جبکہ کیمار روچ نے 58 رنز بناکر گریوز کے ساتھ 180 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ قائم کی۔
یہ دونوں کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر بیسٹ اسکور ہیں۔
ابتدائی مرحلے میں صرف 72 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد شائے ہوپ اور جسٹن گریوز نے 196 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
شائے ہوپ 140 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد چھٹی وکٹ صرف 9 رنز کے اضافے کے بعد گری۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میٹ ہینری، زیک فولکس اور مائیکل بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 466 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کیے تھے، جس میں رچن رویندرا 176 اور کپتان ٹام لیتھم 145 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، جس میں نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں 231 رنز پر آل آؤٹ ہوئی۔