افغان طالبان کا ایران میں علاقائی اجلاس میں شرکت سے انکار
طالبان حکومت نے ایران کی جانب سے باضابطہ دعوت کے باوجود افغانستان سے متعلق علاقائی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اجلاس تہران میں منعقد ہو رہا ہے جس میں پاکستان، چین، روس، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے خصوصی نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔
افغان وزارتِ خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیا احمد تکل کے مطابق اسلامی امارت کو اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا، تاہم افغانستان نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان پہلے ہی مختلف علاقائی فورمز اور دوطرفہ میکانزمز کے ذریعے ہمسایہ ممالک کے ساتھ فعال روابط رکھتا ہے، جن کے مثبت نتائج سامنے آ چکے ہیں۔
افغان حکام کے مطابق خطے میں تعاون کے فروغ کے لیے نئے پلیٹ فارمز بنانے کے بجائے موجودہ علاقائی نظام کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔
طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ وہ علاقائی ہم آہنگی اور اعتماد سازی کی حامی ہے، مگر اس مقصد کے لیے موجودہ فورمز کو زیادہ مؤثر سمجھتی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی برقرار ہے اور دوطرفہ تجارت بھی معطل ہے۔