بونڈائی بیچ حملہ: صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا آسٹریلیا سے اظہارِ یکجہتی
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریلیا کے بونڈائی بیچ میں فائرنگ کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے درد کو بخوبی سمجھتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
انہوں نے معصوم شہریوں کے خلاف تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل وقت میں آسٹریلوی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کو مسترد کرتا ہے اور اس کٹھن گھڑی میں آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے آسٹریلوی ہم منصب کو اظہارِ یکجہتی کا پیغام بھی ارسال کیا۔
وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ناقابلِ معافی جرم ہے اور پاکستان روزانہ اس خطرے کا سامنا کر رہا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین سے فون پر رابطہ کر کے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہر پاکستانی آسٹریلیا کے ساتھ ہے۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے واقعے کو آسٹریلیا کے لیے ایک سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جانیں بچانے والا مسلم شہری آسٹریلیا کا ہیرو ہے۔
واضح رہے کہ سڈنی کے بونڈائی بیچ پر فائرنگ کے واقعے میں 16 افراد ہلاک جبکہ بچوں اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 40 افراد زخمی ہوئے۔