ڈی جی ریسکیو شاہ فہد انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش، سانحہ دریائے سوات پر اہم بیان

پاکستان - 03 جولائی 2025
سانحہ دریائے سوات کی تحقیقات کے لیے قائم انکوائری کمیٹی کے سامنے ڈی جی ریسکیو خیبرپختونخوا شاہ فہد پیش ہو گئے، جہاں ان سے واقعے کے وقت کی صورتِ حال سے متعلق سوالات کیے گئے۔
انکوائری کمیٹی نے سوال کیا کہ واقعے کے وقت آپ کہاں موجود تھے؟ جس پر ڈی جی ریسکیو نے جواب دیا کہ وہ اُس وقت پشاور میں موجود تھے۔
شاہ فہد نے کمیٹی کو بتایا کہ 27 جون کو سوات کے مختلف مقامات پر سیلاب میں پھنسے افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران درجنوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع 9 بج کر 45 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد ایمبولینس روانہ کی گئی، تاہم ایمرجنسی کی نوعیت مختلف تھی، اس لیے جائے وقوعہ پر غوطہ خور، کشتی اور دیگر ریسکیو سامان بھیجا گیا۔
ڈی جی ریسکیو کے مطابق مینگورہ بائی پاس روڈ کے قریب غوطہ خوروں نے 3 سیاحوں کو بچایا، سانحے کے بعد متعلقہ ریسکیو اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے اور داخلی سطح پر انکوائری جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ دریائے سوات کے کنارے تفریح کے لیے آنے والے سیاح اچانک آنے والے پانی کے ریلے کی زد میں آ گئے تھے، جس کے نتیجے میں 17 افراد دریا میں بہہ گئے تھے۔