وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی، عدم اعتماد ہمارا جمہوری حق ہے‘گورنر فیصل کریم کنڈی کی وضاحت

news-banner

پاکستان - 03 جولائی 2025

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حکومت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف کسی قسم کی سازش میں ملوث نہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جیسے ہی اپوزیشن کے پاس خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایک رکن کی اکثریت حاصل ہوگی، تحریک عدم اعتماد پیش کرنا ان کا آئینی و جمہوری حق ہوگا۔

 

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اس وقت اپوزیشن کے پاس 52 یا 54 ارکان ہیں، اور اگر یہ تعداد حکومت سے بڑھ گئی تو وہ فوری طور پر عدم اعتماد کی تحریک لانے میں حق بجانب ہوں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان جلد یوم نجات منائیں گے، لیکن ہم نہیں چاہتے کہ وزیراعلیٰ بےروزگار ہوں یا سیاست کو خیرباد کہہ دیں۔ فیصل کریم کنڈی نے علیمہ خان کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بانی پی ٹی آئی کو ’مائنس‘ کہہ چکی ہیں۔

 

گورنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کی باتیں نئی نہیں، جب وفاق میں ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو سب نے حقیقت دیکھ لی تھی۔ اگر پی ٹی آئی کو وفاق، پنجاب، بلوچستان یا سندھ میں اکثریت حاصل ہے تو وہ بھی تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا آئینی اختیار رکھتی ہے۔