غزہ میں صورتحال قیامت خیز ہے، اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی فرانسسکا البانیز

دنیا - 03 جولائی 2025
اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق فرانسسکا البانیز نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے "قیامت خیز" صورتحال قرار دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے فرانسسکا البانیز نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ جدید تاریخ کی سب سے خوفناک نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن درحقیقت ایسا جال ہے، جو فلسطینیوں کو مارنے یا زبردستی ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
فرانسسکا البانیز نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پر فوری طور پر اسلحے کی مکمل پابندی عائد کی جائے اور اس کے ساتھ تمام تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات معطل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری مظالم پر عالمی خاموشی ناقابلِ قبول ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا سنجیدہ، مؤثر اور عملی اقدامات کرے۔