لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف درخواست مسترد کر دی

پاکستان - 03 جولائی 2025
لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کر دیا۔ جسٹس جواد حسن نے درخواست خارج کرنے کا مختصر فیصلہ سنایا، جب کہ تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
سماعت کے دوران جسٹس جواد حسن نے استفسار کیا کہ آیا عدالت آئینی دائرہ اختیار میں اس نوعیت کی درخواست کو قابلِ سماعت قرار دے سکتی ہے۔ انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ نجکاری کمیشن اس عمل پر پہلے ہی اشتہارات شائع کروا چکا ہے اور مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرنے پر اخراجات بھی ہو چکے ہیں۔
عدالت نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ آیا نجکاری کا یہ عمل مروجہ قوانین اور سابقہ عدالتی فیصلوں سے ہم آہنگ ہے یا نہیں۔
اس موقع پر نجکاری کمیشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ دائر کردہ درخواست قانونی اور فنی لحاظ سے ناقص ہے، اور تمام اشتہاری تقاضے مکمل کیے جا چکے ہیں۔