روزانہ صرف 10 منٹ کی ورزش باول کینسر کی افزائش روکنے اور ڈی این اے کو نقصان سے بچانے میں مددگار، تحقیق

news-banner

تازہ ترین - 02 جنوری 2026

ایک نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ محض 10 منٹ کی ورزش نہ صرف باول کینسر (آنتوں کے سرطان) کی بڑھوتری کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے بلکہ ڈی این اے کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی میں بھی کردار ادا کرتی ہے۔

 

نیوکیسل یونیورسٹی کے محققین کے مطابق مختصر دورانیے کی ورزش خون میں تیزی سے مالیکیولر سطح پر تبدیلیاں پیدا کرتی ہے، جو جسم کو کینسر کے خلاف قدرتی تحفظ فراہم کرتی ہیں۔

 

تحقیق میں بتایا گیا کہ اگرچہ جسمانی سرگرمی کو طویل عرصے سے باول کینسر کے خطرے میں کمی سے جوڑا جاتا رہا ہے، تاہم اس کے پیچھے کارفرما حیاتیاتی نظام اب تک واضح نہیں تھا۔

 

اس تحقیق کے لیے مٹاپے یا زائد وزن کے شکار، مگر مجموعی طور پر صحت مند 30 افراد کو شامل کیا گیا۔ شرکاء سے 10 سے 12 منٹ کی ورزش سے پہلے اور بعد میں خون کے نمونے لیے گئے۔

 

بعد ازاں ان خون کے نمونوں کو لیبارٹری میں باول کینسر کے خلیات کے سامنے رکھا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ ورزش کے بعد کے نمونوں نے کینسر کے خلیات کی افزائش کو نمایاں طور پر کم کر دیا۔

 

محققین کے مطابق سخت ورزش کے بعد خون میں 13 مختلف اقسام کے پروٹینز کی مقدار میں اضافہ ہوا، جن میں سے کئی سوزش کم کرنے، خون کی شریانوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور میٹابولزم کو فعال رکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔