دنیا - 02 جنوری 2026
آزاد کشمیر: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا دعویٰ، عوامی معاہدے کے 38 نکات پر 98 فیصد عملدرآمد مکمل
پاکستان - 02 جنوری 2026
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی معاہدے کے 38 نکات پر 98 فیصد عملدرآمد کر لیا ہے، جس سے عوام کی مایوسی میں نمایاں کمی آئی ہے۔
نیوز کانفرنس میں وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت 11 نومبر کو قائم ہوئی اور سوا ماہ میں ریاست کے دونوں ڈویژنز میں عوامی اجتماعات کیے گئے، جس سے سیاسی نظام پر عوام کا اعتماد دوبارہ بحال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے حکومت کی “اونرشپ” لی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح رہا۔
تین ماہ کی متعین مدت کے بجائے، حکومت نے سوا ماہ میں زیادہ تر نکات پر عمل مکمل کر لیا۔
فیصل ممتاز راٹھور نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل سے سیاسی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں، پچھلی حکومت کے دو ڈھائی سال میں عوام اور قیادت کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے عوام اور قیادت کے درمیان کنیکٹیویٹی مضبوط کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست بھر میں عوامی اجتماعات میں شہریوں نے حکومت کا خیرمقدم کیا اور عوامی مفاد کے فیصلوں میں تاخیر نہیں کی گئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاست میں اعتماد کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے، جبکہ افراتفری اور انسانی جانوں کے ضیاع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دیکھیں

