تازہ ترین - 04 جنوری 2026
وینزویلا پر امریکی حملے کے خلاف امریکا سمیت دنیا بھر میں احتجاج، ٹرمپ کی گرفتاری کا مطالبہ
دنیا - 04 جنوری 2026
امریکا کی جانب سے وینزویلا پر حملے کے خلاف امریکی شہروں سمیت دنیا بھر میں مظاہرے کیے گئے، جن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
واشنگٹن اور دیگر امریکی شہروں میں وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی کارروائی اور صدر نکولس مادورو کو حراست میں لینے کے فیصلے کے خلاف احتجاج ہوا، جہاں مظاہرین نے ٹرمپ مخالف نعرے لگائے اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق شکاگو سمیت کئی شہروں میں بڑے عوامی مظاہرے ہوئے، جن میں شرکا نے وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کو غیر قانونی اور کھلی جارحیت قرار دیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ صدر ٹرمپ کو ان فیصلوں پر قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے۔
واشنگٹن اور پورٹ لینڈ جیسے شہروں میں منظم احتجاجی پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں امریکی مداخلت کے خلاف نعرے لگائے گئے اور کہا گیا کہ امریکا کو وینزویلا سمیت کسی بھی غیر ضروری جنگ میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔
صدر ٹرمپ خود یہ اعلان کر چکے ہیں کہ امریکا وینزویلا پر اثر و رسوخ برقرار رکھے گا اور وہاں عبوری انتظام چلائے گا، جبکہ صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک میں عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
ادھر نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں مظاہرین نے ریلی نکالی اور صدر ٹرمپ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، جبکہ پیرس میں بائیں بازو کے مظاہرین نے وینزویلا پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے وینزویلا کے جھنڈے لہرائے۔
وینزویلا کے صدر کی گرفتاری کے خلاف یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ہزاروں افراد نے مارچ کیا، جبکہ روم میں اطالوی شہریوں نے وینزویلا میں امریکی آپریشن کے خلاف احتجاج کیا۔
امریکی جارحیت کے خلاف ارجنٹائن اور کولمبیا میں بھی مظاہرے رپورٹ ہوئے۔
دیکھیں

