World

حوثیوں کا ریاض پر حملے کا دعویٰ، سعودی اتحاد نے 3 بیلسٹک میزائل تباہ کردیے

حوثیوں کا ریاض پر حملے کا دعویٰ، سعودی اتحاد نے 3 بیلسٹک میزائل تباہ کردیے
۱ دن پہلے

سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے دارالحکومت ریاض پر داغے گئے تین بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

سعودی اتحاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تینوں میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا۔

 

اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندے نے ریاض میں دو دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد سعودی حکام نے دارالحکومت کو درپیش دشمنانہ فضائی خطرے سے متعلق انتباہ جاری کیا۔

 

تاہم کچھ دیر بعد سعودی شہری دفاع نے اعلان کیا کہ صورتحال قابو میں آچکی ہے اور فوری خطرہ ٹل گیا ہے۔دوسری جانب حوثیوں نے بھی ایکس پر جاری بیان میں ریاض سمیت سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اہداف پر حملے کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم ان کے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

 

یہ پیش رفت سعودی زیرقیادت فوجی اتحاد کی جانب سے ایک روز قبل یمن کے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع بندرگاہ حدیدہ اور دیگر مقامات پر حملوں کے بعد سامنے آئی ہے۔سعودی اتحاد نے ان حملوں کو خصوصی آپریشن قرار دیا تھا، جبکہ حوثیوں نے کارروائی کے جواب میں سعودی عرب کے خلاف جوابی حملوں کی دھمکی دی تھی۔

 

یمن میں جاری خانہ جنگی کے دوران حالیہ ہفتوں میں لڑائی ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کرگئی ہے، جبکہ سعودی علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی اطلاعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔سعودی عرب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ حوثی تحریک ملک کے بڑے حصے پر کنٹرول رکھتی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں