روسی تیل پر تعاون نہ کرنے پر ٹرمپ کی بھارت کو ٹیرف بڑھانے کی وارننگ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل کی خریداری کے معاملے پر تعاون نہ کرنے کی صورت میں بھارت پر ٹیرف بڑھانے کی دھمکی دے دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن، روسی تیل کے حوالے سے نئی دہلی کے مؤقف کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت اس معاملے پر امریکا کے ساتھ تعاون نہیں کرتا تو اس کے خلاف تجارتی محصولات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات جاری ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر یہ دعویٰ بھی کر چکے ہیں کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ بھارت روسی تیل کی خریداری بند کر دے گا۔
تاہم قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ امریکی صدر کے اس دعوے پر بھارت کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔