پاکستان - 08 جنوری 2026
سلامتی کونسل: وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی
دنیا - 06 جنوری 2026
نیویارک: وینزویلا کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں چین اور روس نے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور امریکی فوجی کارروائی کو یو این چارٹر کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
اجلاس میں پاکستان کے قائم مقام مندوب عثمان جدون نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل صرف ڈائیلاگ اور سفارتکاری سے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکطرفہ فوجی کارروائی سے خطے میں عدم استحکام بڑھتا ہے اور یو این چارٹر کسی ملک کی خودمختاری یا سالمیت کے خلاف طاقت کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا۔
یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا میں امریکی آپریشن بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اور اس سے خطے میں عدم استحکام اور انسانی حقوق پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
وینزویلا کے مندوب نے کہا کہ امریکا نے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو اغوا کیا، شہری و فوجی ہلاکتیں ہوئی اور بنیادی انفراسٹرکچر تباہ کیا گیا۔
روسی مندوب نے بھی امریکی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ امریکا کو لگام دی جائے۔
چینی مندوب نے کہا کہ امریکا بین الاقوامی قوانین اور یو این چارٹر کی پاسداری کرے، صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کی حفاظت یقینی بنائے اور فوجی آپریشن کے بجائے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کو ترجیح دے۔
امریکی مندوب نے جواب میں کہا کہ آپریشن دہشت گردوں کے خلاف سرجیکل اقدام تھا اور صدر مادورو اور ان کی اہلیہ امریکی عوام کے خلاف جرائم میں ملوث ہیں، کارروائی امریکی عوام کے تحفظ کے لیے کی گئی۔
دیکھیں

