2026 بالی ووڈ کے لیے تاریخی سال: دو ہزار کروڑ سے زائد بجٹ کی بڑی فلمیں ریلیز کو تیار

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 06 جنوری 2026

سال 2026 بالی ووڈ کے شائقین کے لیے غیر معمولی جوش و خروش لے کر آ رہا ہے۔

 

 جہاں 2025 میں فلم ’دھورندھر‘ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی، وہیں رواں برس کئی بڑی اور مہنگی فلمیں ریلیز ہونے جا رہی ہیں جو بھارتی فلم انڈسٹری میں تہلکہ مچا سکتی ہیں۔

 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2026 میں کم از کم چھ ایسی بڑی فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی جن کا مجموعی بجٹ تقریباً 2080 کروڑ بھارتی روپے بتایا جا رہا ہے۔

 

اس فہرست میں سرفہرست فلم ’رامائن‘ ہے، جس میں رنبیر کپور بھگوان رام کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔ 

 

فلم کی ہدایت کاری نتیش تیواری کر رہے ہیں، جو اس سے قبل سپرہٹ فلم ’دنگل‘ دے چکے ہیں۔ 

 

اطلاعات کے مطابق فلم کے پہلے حصے پر ہی 900 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ مکمل سیریز کا بجٹ تقریباً 4000 کروڑ روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

 

 ’رامائن‘ دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

 

دوسرے نمبر پر شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ شامل ہے، جس کا بجٹ لگ بھگ 300 کروڑ روپے ہے۔

 

 اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان پہلی مرتبہ اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔

 

 فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں۔

 

تیسرے نمبر پر ’دھورندھر ٹو‘ ہے، جس میں رنویر سنگھ مرکزی کردار ادا کریں گے۔

 

 یہ فلم 19 مارچ کو ریلیز ہوگی اور اس پر تقریباً 250 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

 

چوتھے نمبر پر فلم ’بارڈر ٹو‘ شامل ہے، جس میں سنی دیول، ورون دھون اور دلجیت دوسانجھ اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔

 

 یہ فلم 23 تاریخ کو ریلیز کی جائے گی اور اس کا بجٹ تقریباً 230 کروڑ روپے بتایا جا رہا ہے۔

 

پانچویں نمبر پر دو بڑی فلمیں شامل ہیں: سلمان خان کی ’بیٹل آف گلوان‘ اور رنبیر کپور، وکی کوشل اور عالیہ بھٹ کی فلم ’لو اینڈ وار‘۔ 

 

رپورٹس کے مطابق دونوں فلموں کا بجٹ قریباً 200 کروڑ روپے ہے۔

 

2026 میں ریلیز ہونے والی یہ فلمیں نہ صرف اپنے بھاری بجٹ بلکہ بڑی اسٹار کاسٹ اور جدید پروڈکشن ویلیو کی بدولت بالی ووڈ میں نئی سنسنی پیدا کرنے کے لیے تیار ہیں۔