سندھ حکومت کا کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف میگا آپریشن شروع کرنے کا اعلان

news-banner

پاکستان - 07 جنوری 2026

سندھ حکومت نے کچے کے علاقوں میں سرگرم ڈاکوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 

 اس فیصلے کا اعلان وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کی زیر صدارت سکھر اور لاڑکانہ رینجز میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

 

اجلاس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب اور متعلقہ اضلاع کے ایس ایس پیز نے شرکت کی۔

 

 پولیس حکام نے جرائم کے خلاف جاری کارروائیوں، آپریشنل پیش رفت اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچہ اور پکا دونوں علاقوں میں پولیس مکمل طور پر متحرک ہے، ڈاکوؤں کی کمین گاہیں مسمار کی جا رہی ہیں اور سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

 

 جدید ٹیکنالوجی، ڈرون سرویلنس اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کا مؤثر تعاقب کیا جا رہا ہے۔

 

وزیر داخلہ نے پولیس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

 

 انہوں نے گھوٹکی سے شروع ہونے والے میگا آپریشن کے لیے تمام ضروری وسائل فوری فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔