9 مئی کیس: پنجاب فرانزک لیب کی رپورٹ میں پشاور ویڈیوز میں سیاسی شخصیات کی موجودگی کی تصدیق

news-banner

پاکستان - 11 جنوری 2026

پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری نے پشاور میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ویڈیوز کی تصدیقی رپورٹ مکمل کر لی ہے، جس میں متعدد سیاسی شخصیات کی ویڈیوز میں موجودگی کی توثیق کر دی گئی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، کامران بنگش، تیمور جھگڑا اور عرفان سلیم 9 مئی کے واقعات کے دوران ویڈیوز میں موجود پائے گئے۔

 

 یہ تجزیہ پشاور پولیس کی درخواست پر کیا گیا، جس کے لیے آڈیو ویژول مواد پر مشتمل یو ایس بی فرانزک لیبارٹری کو فراہم کی گئی تھی۔

 

فرانزک ماہرین نے یو ایس بی میں موجود 16 ویڈیوز کا فریم بہ فریم تجزیہ کیا، جس میں زیادہ تر ویڈیوز میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ کے شواہد نہیں ملے، تاہم بعض ویڈیوز میں افراد اور تحریر شامل کیے جانے کے آثار سامنے آئے۔

 

رپورٹ کے مطابق سہیل آفریدی اور عرفان سلیم سے متعلق دو ویڈیوز میں مختلف کلپس کو جوڑنے کے شواہد بھی ملے۔

 

 سہیل آفریدی کی پروفائل تصویر کو ویڈیو میں موجود شخص سے موازنہ کیا گیا، جس سے ثابت ہوا کہ دونوں ایک ہی فرد ہیں۔

 

 اسی طرح عرفان سلیم، کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کی پروفائل تصاویر بھی ویڈیوز میں نظر آنے والے افراد سے مطابقت رکھتی ہیں۔

 

فرانزک رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تمام تجزیہ صرف ویژول مواد کی بنیاد پر کیا گیا اور آڈیو یا دیگر پہلوؤں کا جائزہ شامل نہیں تھا۔

 

 رپورٹ 19 دسمبر سے 23 دسمبر 2025 کے درمیان تیار کی گئی، جو انسداد دہشت گردی عدالت کی ہدایت پر پشاور پولیس نے حاصل کی تھی۔

 

ریڈیو پاکستان حملہ کیس کے تحت پشاور پولیس نے یہ ویڈیوز تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوائی تھیں۔