اسلام آباد میں شادی والے گھر میں گیس دھماکہ، دولہا دلہن سمیت 8 جاں بحق، 12 زخمی

news-banner

پاکستان - 11 جنوری 2026

اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس لیکج کے باعث زوردار دھماکہ ہوا جس نے شادی کی خوشیوں کو سانحے میں بدل دیا۔

 

 حادثے میں دولہا، دلہن اور دولہے کی والدہ سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔

 

 دھماکے سے چار مکانات متاثر ہوئے جن میں سے تین مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔

 

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق متاثرہ گھروں سے 20 افراد کو نکالا گیا، جن میں سے آٹھ جانبر نہ ہوسکے۔

 

 زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر کے علاج جاری ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف نے بتایا کہ دھماکہ شادی والے گھر میں ہوا جہاں دولہا اور مہمان موجود تھے۔

 

 تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے اور جدید آلات سے مزید جانچ جاری ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔

 

ترجمان پمز ڈاکٹر انیزہ جلیل کے مطابق 11 زخمی پمز میں لائے گئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں، جبکہ ایک زخمی کو سٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زیادہ تر زخمیوں کو چھت گرنے سے چوٹیں آئیں۔

 

چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ حادثہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا، مکمل تحقیقات کے بعد اصل وجہ سامنے لائی جائے گی۔ 

 

چیف کمشنر کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

 

ابتدائی رپورٹ کے مطابق رات گئے ہیٹر جلنے اور گیس لوڈشیڈنگ کے بعد گیس دوبارہ آنے پر گھر میں گیس بھر گئی، جس کے بعد صبح دیا سلائی جلانے پر دھماکہ ہوگیا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولت فراہم کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔