کاروبار - 11 جنوری 2026
برطانوی میڈیا کا دعویٰ: ٹرمپ نے گرین لینڈ پر حملے کی منصوبہ بندی کا حکم دے دیا
دنیا - 11 جنوری 2026
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوجی قیادت کو گرین لینڈ پر ممکنہ حملے کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ تاہم اعلیٰ امریکی فوجی حکام اس منصوبے کے سخت مخالف ہیں اور اسے غیر قانونی قرار دے رہے ہیں۔
اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے جوائنٹ اسپیشل آپریشنز کمانڈ کو حملے کی تیاری کے لیے کہا ہے، لیکن جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا مؤقف ہے کہ کانگریس اس اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔
بعض صدارتی مشیر، جن میں اسٹیفن ملر بھی شامل ہیں، اس کارروائی کے حامی بتائے جاتے ہیں اور ان کا حوصلہ وینزویلا میں ماضی کی امریکی کارروائیوں سے بڑھا ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ ممکنہ طور پر ملکی معاشی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے گرین لینڈ جیسے بڑے جغرافیائی معاملے کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں، خاص طور پر مڈٹرم انتخابات سے قبل۔
اخبار نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے گرین لینڈ پر حملہ کیا تو یہ برطانیہ اور یورپی ممالک کے ساتھ شدید اختلاف کا باعث بنے گا اور نیٹو اتحاد کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
بعض یورپی حکام کے مطابق ٹرمپ کے قریبی حلقے میں شامل ’’میگا‘‘ حامی اس صورتحال کو نیٹو سے نکلنے کا راستہ سمجھتے ہیں، کیونکہ ایسے اقدام پر یورپی ممالک خود اتحاد چھوڑنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ ڈنمارک امریکا کو گرین لینڈ تک مکمل فوجی رسائی دینے پر آمادہ ہو سکتا ہے، بشرطیکہ اس کے بدلے چین اور روس کا اثر و رسوخ محدود کیا جائے۔ نیٹو کا سربراہی اجلاس 7 جولائی کو ہونا ہے، جسے کسی ممکنہ سمجھوتے کے لیے اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
دیکھیں

