کاروبار - 11 جنوری 2026
اسحاق ڈار کا اسرائیل کے صومالی لینڈ اقدام پر سخت ردِعمل، صومالیہ کی خودمختاری کی مکمل حمایت کا اعلان
دنیا - 11 جنوری 2026
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنا اور اپنے وزیر خارجہ کو وہاں بھیجنا صومالیہ کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں پر براہ راست حملہ ہے، جسے پاکستان مسترد کرتا ہے۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے اسرائیل کے اس اقدام کو غیر قانونی اور غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اسرائیلی وزیر خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ انتہائی تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہر ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام لازم ہے اور کوئی بھی بیرونی طاقت اس حقیقت کو نہ قانونی اور نہ اخلاقی طور پر بدل سکتی ہے۔ ایسے کسی بھی اقدام کو عالمی سطح پر کوئی حیثیت حاصل نہیں ہوگی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام ہارن آف افریقا اور بحیرہ احمر میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان نے او آئی سی ممالک کے ساتھ مل کر اس کارروائی کو مشترکہ بیان میں مسترد کیا اور اقوام متحدہ میں بھی اس کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدام دہشت گردی کے خلاف علاقائی اور عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جبکہ صومالی عوام اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ صومالیہ نے قومی مفاہمت، آئینی اصلاحات اور ادارہ جاتی مضبوطی میں اہم پیش رفت کی ہے، جسے نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عوامی رائے پر مبنی انتخابات ہی صومالیہ کی ترقی کا راستہ ہیں اور کسی بھی قسم کی جبری بے دخلی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی بھی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں، اور پاکستان او آئی سی اور عرب ممالک کے ساتھ اس مقصد کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
دیکھیں

