کاروبار - 19 جنوری 2026
کراچی: گل پلازہ آتشزدگی، ہلاکتیں 14 ہو گئیں، 60 سے زائد افراد تاحال لاپتہ
پاکستان - 19 جنوری 2026
کراچی کے مصروف تجارتی علاقے میں واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی رات لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے، جبکہ 60 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ عمارت کی مخدوش حالت کے باعث فائر فائٹنگ آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، تاہم ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد کے مطابق مرکزی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔
آگ تقریباً 33 گھنٹے تک بھڑکتی رہی۔ عمارت سے آوازیں آنے اور گرنے کے خدشے کے باعث فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو پیچھے ہٹا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر 90 فیصد قابو پا لیا گیا تھا، تاہم عمارت کے گرنے کے شدید خدشے کے باعث سرچ آپریشن محدود کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق 11 لاشیں مکمل حالت میں جبکہ 3 افراد کے اعضا ملبے سے ملے ہیں، ایک لاش کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔
سانحے کے بعد پاک بحریہ، سندھ رینجرز، کے ایم سی، ریسکیو سندھ، چھیپا اور رضا کار تنظیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق 59 لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے رابطہ کر لیا گیا ہے اور موبائل لوکیشنز کی مدد سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
طبی حکام کے مطابق 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے بیشتر کو برنس اور ٹراما سینٹرز منتقل کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جائے حادثہ کا دورہ کرتے ہوئے تاجروں کے نقصانات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی ہے اور آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
سی پی ایل سی نے لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا ہے، جبکہ صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دیکھیں

