پاکستان - 19 جنوری 2026
2026 کا مضبوط آغاز: پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کنندہ ملک بن گیا
پاکستان - 19 جنوری 2026
پاکستان نے سال 2026 کا آغاز ایک بڑی معاشی کامیابی کے ساتھ کیا ہے، جہاں وہ عالمی سطح پر تیسرا بڑا چاول برآمد کرنے والا ملک بن کر ابھرا ہے۔
زرعی برآمدات میں تسلسل اور نمایاں بہتری نے پاکستان کو عالمی منڈی میں مضبوط مقام دلایا ہے۔
بین الاقوامی جریدے گلف نیوز نے بھی پاکستانی چاول کی بڑھتی ہوئی عالمی پذیرائی اور برآمدی کارکردگی کو سراہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2025 میں پاکستان کی چاول برآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کامیابی میں باسمتی چاول کی برآمدات نے کلیدی کردار ادا کیا، جن میں 50 فیصد سے زائد غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
صرف دسمبر 2025 میں پاکستان نے 4 لاکھ 89 ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں برآمد کیے، جبکہ اسی عرصے میں ویتنام کی برآمدات 3 لاکھ 87 ہزار ٹن رہیں۔
اس نمایاں کارکردگی کے بعد پاکستان نے ویتنام کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
پاکستانی چاول کی بڑی منڈیاں متحدہ عرب امارات، چین، تنزانیہ، کینیا اور آئیوری کوسٹ شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستانی باسمتی چاول کا اعلیٰ معیار، مسابقتی قیمتیں اور زرعی شعبے میں اصلاحات عالمی خریداروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کر رہی ہیں، جو قومی معیشت کے لیے ایک خوش آئند اشارہ ہے۔
دیکھیں

