حکومت سندھ کا سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے فی کس ایک کروڑ روپے کا اعلان

news-banner

پاکستان - 19 جنوری 2026

حکومتِ سندھ نے گل پلازہ آتشزدگی کے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

 

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ میں پیش آنے والا واقعہ نہایت افسوسناک ہے، آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی تاہم ابتدائی اندازے کے مطابق شارٹ سرکٹ کا امکان ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ عمارت میں آگ کا تقریباً 10 فیصد حصہ اب بھی موجود ہے اور اندر داخلے کے راستے نہ ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ فائر سیفٹی آڈٹ 2024 پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس میں 145 عمارتوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

 

سانحے کی تحقیقات کیلئے کمشنر کراچی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جبکہ ڈی آئی جی کراچی معاونت کریں گے۔

 

 فارنزک تجزیے کیلئے لاہور کی فارنزک لیبارٹری سے بھی مدد لی جائے گی۔

 

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ انکوائری کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ خامیوں کی نشاندہی اور اصلاح ہے، تاہم اگر تخریب کاری کے شواہد ملے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ذمہ داروں کو سزا ضرور ملے گی مگر کسی کو قربانی کا بکرا نہیں بنایا جائے گا۔ انہوں نے مبالغہ آرائی سے گریز اور تحقیقات مکمل ہونے تک صبر کی اپیل کی۔

 

انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کے عمل میں 24 فائر بریگیڈ، 10 باؤزر، 4 اسنارکلز اور 200 سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا، جبکہ واٹر بورڈ نے 4 لاکھ 31 ہزار گیلن پانی فراہم کیا۔

 

اجلاس میں بتایا گیا کہ گل پلازہ میں 1200 دکانیں تھیں اور تمام متاثرہ تاجروں کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

 وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ گل پلازہ کی عمارت دوبارہ تعمیر کی جائے گی اور متاثرہ دکانداروں کو جلد متبادل کاروباری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔